موبائل فون صارفین کو بیٹری کے متعلق سب سے زیادہ شکایت کرتے پایا گیا ہے اور سام سنگ بیٹری کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے اہم اقدامات کرتی رہی ہے۔ اس کمپنی نے الٹرا پاور سیونگ کا فیچر بھی متعارف کروایا جس کی وجہ سے S5 کو بیٹری کے لحاظ سے بہترین فون سمجھا جاتا ہے مگر کوریا کی کمپنی Itcleنے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ سام سنگ کا تازہ ترین سمارٹ فون گلیکسی S6 بیٹری کے سخت مسائل سے دوچار ہوگا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے فون کی بیٹری S5کی نسبت بہت کم توانائی فراہم کرسکے گی اور اس بات کا خدشہ ہے کہ صارفین کو بار بار چارجنگ کرنا پڑے گی۔
ماہرین کا خیال ہے کہ سام سنگ کوال کوم پروسیسر کی بجائے Exynos پروسیسر استعمال کررہا ہے جس کی کارکردگی نسبتاً کم ہوگی جبکہ اس کے علاوہ اپ گریڈڈ ایچ ڈی سکرین کی وجہ سے بھی بیٹری کی توانائی زیادہ خرچ ہوگی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نئے فون کی بیٹری کا سائز نسبتاً چھوٹا ہوگا تاکہ یہ S6 کے ڈیزائن سے مطابقت اختیار کرسکے۔ نئے ڈیزائن کا یہ بھی مطلب ہے کہ صارفین بیٹر کو بدل نہیں سکیں گے۔ ان تمام اطلاعات کے باوجود اصل حقائق مارچ کے آغاز میں سامنے آئیں گے جب سام سنگ اپنا نیا فون سپین کے شہر بارسلونا میں متعارف کروائے گی۔

No comments:
Post a Comment